لاہور(آئی این پی)جمیکا کے سبینا پارک میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ویسٹ انڈیز کے خلاف 76 رنز کی ناقابل شکست اننگ کے بعد پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر شعیب اختر نے بلے باز فواد عالم کی ذہانت کی تعریف کی۔ فواد عالم نے پہلے دن کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کو مشکل سے نکالا کیوں کہ پاکستان نے صرف دو رنز پر ٹاپ تین بیٹسمینوں کو کھو دیا تھا۔فواد عالم اور بابراعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے 158 رنز کی شراکت داری جوڑی جس کا اختتام فواد عالم کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر ہوا۔راولپنڈی ایکسپریس نے 11 سال کے وقفے کے باوجود ملک کے لیے خلوص کے ساتھ کھیلنے پر بلے باز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فواد عالم جینئس ہیں، انہوں نے ٹی وی پر اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کھیلی اور ہمیشہ پرفارم کرتے رہے۔ وہ 11 سال تک قومی ٹیم سے باہر رہنے کے باوجود مخلصانہ طور پر پاکستان کے لیے کھیل رہے ہیں جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا دن بارش کی وجہ سے ختم ہوگیا۔ فواد عالم اب بھی تیسرے دن اپنی اننگز دوبارہ شروع کر سکتے ہیں اگر وہ فٹ ہوجاتے ہیں ۔