کراچی (اسپورٹس رپورٹر )اینڈرے روبلف نے ڈینیل میڈویڈوف اور الیگزینڈر زویرو نے سٹیفانوس سٹسپاس کو شکست دے کر سنسناٹی ماسٹرز کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ سنسناٹی ماسٹرز کے دلچسپ مقابلے اوہائیو میں جاری ہیں، مینز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میں روس کے اینڈرے روبلف نے ہم وطن حریف ڈینیل میڈویڈوف کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-2 ، 3-6 اور 3-6 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو نے سیکنڈ سیڈ یونان کے سٹیفانوس سٹسپاس کے خلاف 4-6 ، 6-3 اور 6-7 سے فتح حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔دریں اثناء اوول انونسیبل نے ویمنز دی ہنڈرڈ کمپٹیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، اوول انونسیبل نے فائنل میں سدرن بریو کو 48 رنز سے شکست دی۔ سدرن بریو کی ٹیم 122 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، میریزین کیپ کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ لارڈز لندن میں کھیلے گئے ویمنز ایونٹ کے فائنل میں اوول انونسیبل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 100 گیندوں پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے، میریزین کیپ اور کپتان ڈین وان کیرک نے 26 ، 26 رنز بنائے۔ اینا شربسول اور لارن بین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سدرن بریو کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی، فی مورس 23 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ میریزین کیپ نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اینڈرے روبلف اور الیگزینڈر زویرو نے سنسناٹی ماسٹرز کے فائنل میں جگہ بنا لی
Aug 23, 2021