جمیکا: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل 302 رنز پر اننگز ڈکلیئر کرکے ختم کردیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز اسکور کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فواد عالم کے شاندار 124 رنز نے پاکستان کو 302 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اننگز ڈکلیر کرنے تک پاکستان کے 9 کھلاڑی پویلین کو لوٹ چکے تھے جبکہ فواد عالم نے اپنے ٹیسٹ کیریئیر کی 5ویں سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔میزبان کرکٹ ٹیم پاکستانی بالرز کا سامنا نہ کرسکی اور بیٹنگ کی ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی جن کے 3 کھلاڑی صرف 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان کریگ بریتھ ویٹ 4، کائیرن پوویل 5 جبکہ روسٹن چیس نے 10 رنز بنا کر وکٹ گنوا دی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا اور ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی۔بارش نے تماشائیوں کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔
کنگسٹن میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز صبح ہی سے بارش نے اپنا رنگ جمانا شروع کردیا جو سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہی جس کے باعث کھیل کا آغاز نہ کیا جاسکا، قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت لیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور میزبان ٹیم کا یہ فیصلہ ابتدا میں بالکل درست ثابت ہوا۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں اوپنر بلے باز عابد علی ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں کیماروچ نے عمران بٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔