افغانستان سے عوام کاانخلاء، مشکلات کے باوجود پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے:وزیرِخارجہ

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کو نکالنے کیلئے پاکستان مشکلات کے باوجود اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں کو افغانستان سے نکالنا ہے تو کابل ائیرپورٹ انتظامیہ کا تعاون چاہئے۔انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز میری یورپین وزرائے خارجہ سے گفتگو ہوئی جو بے حد سیر حاصل رہی۔
گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے انخلاء کیلئے پاکستان کے تعاون پر یورپین یونین کے ہر ملک نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔افغانستان سے انخلاء پر بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی شہریوں کو ویزے جاری کرکے انہیں نکالا۔وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کابل میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ کابل کی صورتحال کے باعث ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی ہمارے کام کا اعتراف کرے یا نہ کرے، ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔ کابل ائیرپورٹ پر ہزاروں لوگوں کے پہنچنے سے دباؤ تو آئے گا۔انہوں نے کہا کہ کابل میں مسافر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت دینا پاکستان کے دائرۂ اختیار میں نہیں۔ لوگوں کے انخلاء کیلئے کابل ائیرپورٹ انتظامیہ کا تعاون درکار ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن