گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ اقلیتیں پاکستان میں محفوظ ہیں۔ بھارت میں نر یندر مودی اور آرایس ایس مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔بھارت میں مسجد کو شہید کر کے مودی اور ان کے حواریوں نے ثابت کر دیا کہ بھارت اقلیتوں کے لیے خطر ناک تر ین ملک بن چکا ہے۔الحمد للہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کے مطابق سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔وہ گور نر ہاؤس لاہور میں ایس پی دیوان بہادر سنگھا ایوارڈز تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے وہاں پراقلیتوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ ان کے جان ومال کا تحفظ کر نا بھی ضروری ہوتا ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے کہ میں نے بر طانیہ اور پاکستان سمیت ہر جگہ اقلیتوں کے لیے آوازبلند کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان اقلیتوں کے لیے دنیا کا محفوظ تر ین ملک بن چکا ہے اور جہا ں بھی اقلیتوں کیساتھ کسی قسم کا ظلم یا کوئی ناانصافی ہوتی ہے تو حکومت کے تمام ادارے سخت ایکشن لیتے ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کے ہمسائیہ ملک بھارت کی بات کریں تو وہاں پر جب سے نر یندر مودی اقتدار میں آیا ہے اقلیتوں کے لیے زندگی مشکل ہوچکی ہے اور نر یندر مودی دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کے ویژن کو آگے لیکر چل رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کو قتل کر نے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سالوں سے قائم ایک مسجد کو بھی شہید کر دیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی مسلمانوں کو مذہبی آزادی حاصل نہیں ہے جو اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے لیے بھی لمحہ فکر یہ ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بھارت تمام اقلیتوں کے خلاف ہندوتوا نفرت کی آگ میں جھلس رہا ہے اورجب سے نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا ہے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ حکومت پاکستان کی پالیسیاں ملک میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سکھوں کیلئے کرتار پور راہداری کا منصوبہ حکومت پاکستان کی اقلیتی دوستی کی عظیم مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں اور دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کے خلاف ہندو جتھوں کے حملے معمول کا معاملہ بن چکے ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اپنی رپورٹوں میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں کی حالت زار اکثر بیان کرتی رہتی ہیں۔تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ وقت آچکا ہے کہ امر یکہ سمیت عالمی طاقتیں بھی بھارت میں اقلیتوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں اور بھارت کو سفارتی دباؤکے ذریعے مجبور کیا جائے کہ وہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے لوگوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ جان ومال کا تحفظ بھی یقینی بنائے اور اقلیتوں کے قتل عام کو بند کیا جائے.