لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے مینز اور ویمنز فٹبالرز کو یکساں معاوضے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ایف ایف ناملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کھلاڑیوں کو یکساں معاوضے دینے کے معاملہ پر بحث ہو رہی ہے، جب آپ ملک کی نمائندگی کررہے ہیں تو پھر آپ پاکستان کے ترجمان ہیں، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ مرد ہیں یا خاتون، کھلاڑی اعلیٰ معاوضے کے حقدار ہیں۔ہارون ملک نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں میچ ڈے پر 150 ڈالر اور نان میچ ڈے پر 75 ڈالر ملیں گے، مکمل کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو چار لاکھ روپے تک کا معاوضہ ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تمام شرکاءکو ایک ایک لاکھ، پھر شارٹ لسٹ ہونیوالوں کو مزید تین لاکھ روپے دیں گے۔