اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے ٹیکس لاز، سیکنڈ امینڈمنٹ، آرڈیننس 2022 کی منظوری کے بعد اس آرڈینینس کو جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، تمباکو کے پتے پر فی کلو گرام سیس کو بڑھا دیا گیا ہے اور پرچون فروشوں پر ٹیکس کی شرحوں کا تعین کیا گیا ہے، اس طرح36 ارب روپے کی نئی ٹیکسیشن کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 89، ایک، کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی، اس آرڈیننس سے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001، فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 اور فنانس ایکٹ 2022 میں ترامیم کی گئی ہیں، آرڈی نینس کے تحت ایسے پرچون فروش جو ٹیئر ون کے تحت نہیں آتے اور ان کا بجلی کا ماہانہ بل کی رقم20ہزار روپے سے کم ہے ان پر ٹیکس کا ریٹ پانچ فی صد ہو گا جبکہ 20ہزار سے زائد بل کے حامل پرچون فروشوں کے لئے یہ ریٹ7.5فی صد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ حکومت ایک نوٹیفکیشن کے تحت بجلی کے بلز کے ذریعے ٹیکس کی وصولی اور اسکی شرحوں کا الگ سے اعلان کرے گی، بجلی کے استعمال کے سلیب بنائے جائیں گے اور جوں جوں بجلی کا استعمال بڑھے گا، ٹیکس کی شرح بھی بڑھے گی۔ سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی کو بڑھا دیا گیا ہے، تمباکو پر ٹیکس ریٹ 10 روپے فی کلو سے بڑھا کر 390 روپے کلو مقرر اور مہنگے برانڈڈ سگریٹس پر ڈیوٹی میں 200 سے 600 روپے تک اضافہ کردیا گیا، ٹیئر ون کے 1000 سگریٹس پر ٹیکس 5900 سے بڑھ کر 6500 روپے ہوگیا۔ ٹیئر ٹو کے سیگریٹ پر 1850روپے فی ہزار سے بڑھا کر 2050روپے کر دیا گیا ہے، بجلی کے بلوں پر پرچون فروشوں کے لئے اس نئے ردو بدل کی وجہ سے 42 ارب کے بجائے 27 ارب روپے وصول ہوں گے۔ آرڈیننس کے تحت بیرون ملک خدمات دینے والے پاکستانی شہریوں کو الاؤنسز پر ٹیکس استثنیٰ دیدیا گیا اور کویت فارن ٹریڈ کنٹریکٹ کمپنی پر ٹیکس کی چھوٹ بحال کردی گئی ہے۔ صدارتی آرڈیننس کے مطابق زرعی ڈیزل انجن، مشینری، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز کیریج پر ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے جبکہ غیرملکی سفارتکاروں یا فارن مشنز کی موٹر وہیکلز کیلئے بھی ٹیکس استثنیٰ دیدیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ کے اعلان کے مطابق حکومت ایک الگ نوٹیفکیشن کے ذریعے پرتعیش اشیاء کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹیز میں اضافہ کرے گی۔