بجلی کے زائد بلوں کا سخت نو ٹس ، خادم پاکستان عوام کو جوابدہ: شہباز شریف

Aug 23, 2022


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)  وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کے زائد بلوں پر عوامی شکایات کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی بلوں سے متعلق شکایات پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، معاون خصوصی احد چیمہ اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔  شہباز شریف نے بجلی کے زائد بلوں کی عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو بجلی کے بلوں پر فوری تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم  نے کہا کہ  عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہ بیٹھوں گا،  عوام سے ہمیشہ سچ بولنے کے عہد پر قائم ہوں۔ خادم پاکستان عوام کے مسائل کے حل کیلئے عوام کو جوابدہ ہے۔  علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم، صحت اور انصاف پر توجہ کے ساتھ افراد کو علم ، ہنر اور تجربہ دینے میں مضمر ہے۔  اس راستے سے ہٹنے والی کوئی بھی چیز عوام مخالف ہے۔ تمام اصلاحات چاہے ان پر جتنا وقت لگے اور وہ جس قدر تکلیف دہ ہوں ان سب کو اس ایک نکتے پر ا کٹھا ہونا چاہیے۔ اسی میں سیاست کا مقابلہ ہونا چاہیے۔ محمد شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر 23 تا 24 اگست قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قطر کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک وفد بھی ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعظم قطر کی قیادت سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر مشاورت کریں گے۔ دونوں فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے، توانائی سے متعلق تعاون کو آگے بڑھانے، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو وسیع کرنے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وہ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم دوحہ میں سٹیڈیم 974 کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف کی زیرصدارت بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کا  جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس ہوا۔ وزیراعظم  نے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی فوری ہدایت کی۔ شہباز شریف نے ہدایت کی لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کو خیموں، اشیاء خورد و نوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پر  25 ہزار روپے فی خاندان فلڈ ریلیف کیش پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کسی بھی قسم کا تعطل یا غفلت کسی صورت منظور نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشترکہ سروے کی تکمیل اور مکمل بحالی تک سیلاب متاثرین کی فوری مدد میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کو متاثرہ جگہوں تک امداد پہنچانے کیلئے بحال کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے NDMA, PDMA, بلوچستان حکومت اور وزارت منصوبہ بندی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔  شہباز شریف سے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی ملاقات کی اور وزیر اعظم کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے سلسلے کے نتیجے میں سیلاب سے نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔  ادھر وفاقی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے، اور انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جائے۔  وزیر اعظم نے چالیس ہزار خیمے اور ایک لاکھ راشن کے پیکٹس فی الفور متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور آبادکاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں