حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر امان اﷲچٹھہ نے کہا ہے کہ جانوروں کے مہلک وبائی مرض لمپی سکن نے وسیع علاقوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے لیکن حکومت یا محکمہ لائیو سٹاک اس بیماری کی روک تھام کے لئے موثراقدامات کرنے میں بری طرح ناکام ہے جس کے نتیجہ میں جانوروںکی دن بدن اموات میں اضافہ ہورہاہے۔جبکہ مویشی پالنے والوں کو شدید مالی بدحالی کا شکار ہونے کے علاوہ دودہ اور گوشت کی قلت کا زبردست خطرہ پیداہوچکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ابھی تک کسی وٹرنری یونیورسٹی یا تحقیقی ادارے میں تحقیق نہ ہونے سے کوئی موثر اور شافی علاج سامنے نہیں آسکا۔انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس تباہ کن وبائی مرض کے علاج کے لئے فنڈز فراہم کرتے ہوئے ہنگامی پروگرام کا آغاز کرے۔