کراچی (نیوز رپورٹر )جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اور اہل بیت نے اسلام کی بقاءو سلامتی کے لئے جو عظیم قربانی پیش کی ہے اس کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا مشکل ہے۔واقعہ کربلا کی روح یہ ہے کہ ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو ظلم پر خاموش ہے۔ واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے میں کسی بھی حد سے گزر جانے کا سبق دیتا ہے۔حسینیت ایک فکر ایک وژن کا
نام ہے،معرکہ حق وباطل میں ضروری نہیں کہ سرقلم کرکے جیت ہو،سرقلم کرواکر بھی جیت ہوتی ہے۔یزید سب کچھ کرکے مقصد نہیں پاسکا جبکہ حضرت امام حسین ؓ جان دے کر مقصد پاگئے اور جیت گئے۔کربلاصرف ایک واقعہ نہیں ہے بلکہ ایک پیغام ہے اور حق کے لئے لڑنے کا پیغام ہے،حضرت امام حسین ؓ نے یہ ثابت کیا کہ وہ حق کے راستے پر تھے اور حق پر قائم رہ کر انہوں نے شہادت کا مقام حاصل کیا۔ آپ ؓ نے کسی ذات یا مقصد کے لئے نہیں بلکہ اسلام،انصاف اور حق کے لئے قربانی پیش کی۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام پارکنگ گراﺅنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقدہ ”یوم حسینؓ “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ،پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی،مولانا علی افضال رضوی ،مفتی ارشاد حسین سعیدی ،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی ،عاطرحیدر،ناصرعزیزی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداران ،اساتذہ،طلباوطالبات اور دیگر نے شرکت کی۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہم ہر سال باقاعدگی سے یوم حسین ؓ کا انعقاد کرتے ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عملی طور پر بھی کربلا کے پیغام پر عمل پیرا ہوکر برداشت اور تحمل مزاجی کو فروغ دیں ۔وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ رہناجانتی ہوں اور ایک دوسرے کی بات سنتے اور سمجھتے ہوں۔امام حسین ؓ کی تعلیمات پر عمل پیراہوکر ہی صحیح معنوں میں ہم انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی تعلیمات پر عمل ہی ہماری نجات کا ذریعہ ہے اور اگررسم وروایت تک ہی محدود رہیں گے تو چشمہ تو بہہ رہاہے جو چاہے گا اس سے سیراب ہوگا اور اس چشمے سے اپنی زندگی اور حیات سنوارے گا،حضرت امام حسین ؓ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ عالم انسانیت کے ہیں۔امام حسین نے برائیوں کے خلاف جانے کی بات کی ،اقتدار کی بحالی اور تہذیب کی بحالی کی بات کی ۔یزید یعنی انسانوں قدروں کی پامالی اور حسین ؓ یعنی انسانی اقدار کی بحالی۔کربلا کا ایک بڑا روشن پیغام علم ہے اورکربلا کا دوسراپیغام برداشت ،تحمل مزاجی ہے۔جامعہ کراچی کا شمارطلبہ کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی بڑی جامعات میں ہوتاہے اور ملک بھر سے طلبہ کی ایک بڑی تعدادیہاں پر زیر تعلیم ہے ۔اگرچہ جامعہ مالی مشکلات کا شکارہے میری پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان کے تمام مخیر حضرات ، صنعتوں اور کارپوریشنز سے وابستہ افراد سے گزارش ہے کہ وہ آگے بڑھ کر جامعہ کراچی کی مدد کریں ۔انہوں نے نوجوان طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہتر مستقبل کے لئے علم ناگزیر ہے اوراسی میں اس ملک اور ہم سب کی کامیابی مضمر ہے۔مولانا علی افضال رضوی اور مفتی ارشاد حسین سعیدی نے بھی یوم حسین ؓ سے خطاب کیا۔مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی نے تمام علماکرام،مہمانوں ، اساتذہ کرام اورطلباوطالبات کا اس محفل میںشرکت کرنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ دفتر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی یوم حسین ؓ کے انعقاد کو ہرسال باقاعدگی سے یقینی بنانے کے لئے کوشاں رہتاہے۔
خالد عراقی
واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے کا سبق دیتا ہے،مولانا شہنشاہ نقوی و دیگر کا جامعہ کراچی میں ”یوم حسینؓ “ سے خطاب
Aug 23, 2022