ملتان (نمائندہ نوائے وقت) رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان مقبول ترین سیاستدان اور تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔کرپشن اور بدعنوانی کی بدولت پی پی‘ ن لیگ عوام میں اپنا اعتماد کھوچکی ہیں اور مخصوص علاقوں تک محدود ہو چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کا واضح ثبو ت پنجاب کے ضمنی انتخابات میں گزشتہ روز کراچی کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی واضح کامیابی ہے۔ عوام پی پی ن لیگ سے بری طرح متنفر ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 132 موضع براہمن والا میں حیدر خان سیال کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک واصف مظہر راں‘ معین ریاض قریشی‘ بریگیڈیئر(ر) مقصود قریشی سمیت دیگر شخصیات موجود تھے۔ انہوں نے کہا این اے 157 کے عوام سے محبت اور احترام کا تعلق ہے۔ ہم نے ہمیشہ روادری‘ محبت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا۔ ہمارے مد مقابل امیدوار نے تھانے‘ کچہری کی سیاست کو فروغ دیا۔ 11ستمبر کو ملتان کی عوام پی ٹی آئی امیدوار و کو کامیاب کرکے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے ثقلین باجوہ، کلیم اللہ باجوہ کی جانب سے منعقد کردہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔ یونین کونسل کھگے والا میں اعوان برادری کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی جس میں اعوان برادری کی جانب سے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔
پی پی اور ن لیگ عوامی اعتماد کھو چکی ہیں: زین قریشی
Aug 23, 2022