کوئٹہ( این این آئی ) ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن ڈویژن کوئٹہ انجینئر ندیم احمد دہوار نے کہا ہے کہ کرخسہ اور کچلاک ڈیم ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں شدید بارشوں کے بعد ڈیمز میں گنجائش سے زیادہ پانی آنے کی وجہ سے ڈیمز کے سپیل وے کھولے گئے تھے ،محکمہ ایری گیشن کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ ، نوحصار، کچلاک ، ہنہ ،سرہ خلہ ،سرہ غڑگئی ، کانک ، اغبرگ میں توقع سے زیادہ شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے کرخسہ اور کچلاک ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ڈیمز کے سپیل وے کھول دیئے گئے جس سے پانی کا اخراج ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کرخسہ اور کچلاک ڈیم ٹوٹنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے دونوں ڈیمز الحمد اللہ محفوظ ہیں اورانکے سپیل وے سے 12سے 14گھنٹے تک پانی کا اخراج کیا گیا۔ندیم احمد دہوار نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مزید تیز بارشوں کی پیشن گوئی ہے لہذا سیلابی نالوں کے پاس آباد رہائشیوں کو چاہئے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچاجاسکے۔