قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل کے زیر صدارت تین روزہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تقریبات سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس ہوا۔ جس میں ایس پی انویسٹی گیشن عبدالوہاب خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اورنگزیب سدھو، اسسٹنٹ کمشنر قصور بابر حسین، سی ای او ایجو کیشن اتھارٹی ملک انور، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی راؤ عبید الرحمن، منیجر اوقاف رانا واسط چراغ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حافظ عثمان احمد، ڈی او سول ڈیفنس سیف اللہ، محکمہ ہیلتھ، واپڈا، میونسپل کارپوریشن کے افسران سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اس موقع پر کہا کہ عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒ 26 تا 28 اگست 2022 قصور میں منعقد ہو رہا ہے اور اسکے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے آج کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن، واپڈا‘ہیلتھ، اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ دربار کے ارد گرد کے علاقوں‘سٹرکوں‘دربار سے ملحقہ قبرستان اور دیگر جگہوں پر زائرین کی سہولت کیلئے لائٹس کا انتظام کیا جائے۔