لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ کراچی سے خیبر تک عمران خان نے خوف کے بت توڑ ڈالے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے لیڈر اور کپتان نے اپنے کردار اور پالیسیوں کے ذریعے ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران عام انسان اور کسانوں کو ریلیف مل رہا تھا۔ پٹرول اور بجلی سستے داموں دستیاپ تھی مگر چور اور ڈاکوں کے ٹولے اپنی 1100ارب روپے کی کرپشن چھپانے کے لئے حکومت میں آگئے، یہ بات انہوں نے ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی، عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اداروں کو اپنی عوام کے ساتھ لڑانے کے لئے سازش کر رہی ہے اور سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہے جس کی بدترین مثال ملک کے مقبول ترین لیڈر عمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ ہے۔ شہبازگل کے اوپر ذہنی اور جسمانی تشدد کیاگیا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کو حکومت بنائے ابھی چند دن ہی ہوئے ہیں اور دن رات عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے وقف کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اب تک 50ہزار سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو طبی امداد فراہم کی ہے۔ ایک لاکھ 20ہزار لائیو سٹاک کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ 26ہزار گھرانوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔ ,16ہزار گھرانوں کو ٹینٹ مہیا کئے گئے ہیں۔
سرفراز چیمہ
حکومت اداروں کو عوام سے لڑانے کی سازش کر رہی ہے: عمر سرفراز چیمہ
Aug 23, 2022