سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے پیر کے روز شمالی کشمیر میں اپنی کارروائی کے دوران چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ شمالی کشمیر کے بارہ مولا ضلع کے اعجاز احمد ، عبید شاہ،ظفر حسین وانی ، عمر احمد کھاندے کو گرفتار کیا گیا ۔ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں گھروں میں اہل خانہ کو ہراساں کیا ۔ گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ وہ فورسز پر پتھراو میں ملوث تھے ۔ راجوری میں حریت پسندوں کے ایک حملے میں زخمی بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ہے ۔ راجوری میں ایک حملے میں زخمی حولدار ستپال سنگھ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔مقبوضہ کشمیر میں ایک اور قابض بھارتی فوجی نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی جان لے لی۔مقبوضہ کشمیر میں جموں کے ضلع راجوری کے مضافاتی علاقے منکوٹ میں قائم فوجی کیمپ میں تعینات ایک فوجی اہکار نائیک اے ایس ریڈی نے پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ سرینگر کے علاقے نشاط میں ہونے والے ایک پر اسرار دھماکے میں نو شہری زخمی ہوگئے ہیں ۔ شہر کے نشاط علاقے میں اتوار کو دستی بم کے پھٹنے سے نو افراد زخمی ہوگئے۔ سات زخمیوں کو ایس ایچ ایم ایس ہسپتال لے جایا گیا اور دو کو ایس کے آئی ایم ایس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سری نگر میں بھارت نواز سیاسی جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس نے غیر کشمیریوں کو جموں وکشمیر میں ووٹ کا حق دینے کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔سیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے تحت کل جماعتی کانفرنس میں اعلان کیا گیا ہے کہ ضرورت پڑی تو غیر کشمیری باشندوں کو ووٹنگ کے حقوق دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا ۔ پیر کے روزسرینگر میںنیشنل کانفرنس کے صدر اورسیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے سربراہ سربراہ فاروق عبداللہ کی رہائشگاہ پر کل جماعتی اجلاس میں شریک تمام جماعتوں کے سربراہوں اورنمائندوں نے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام رہنمائوں نے متفقہ طور پر غیر کشمیری باشندوں کو ووٹ کا حق دینے کے بارے میں الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیاہے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ باہر کے لوگوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ بالکل ناقابل قبول ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کر یں گے۔
کشمیر
بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری، 4افراد گرفتار
Aug 23, 2022