شہر لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کیلئے پرْ عزم ہیں:سید علی ناصر رضوی

Aug 23, 2023

لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شہر لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کیلئے پرْ عزم ہیں۔ڈویڑنل ایس پیز کی زیر نگرانی منشیات فروشوں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہری منشیات بیچنے والے سماج دشمن عناصر کے بارے پولیس کو آگاہ کریں تاکہ اس دھندے میں ملوث ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ رواں ماہ ابتک707منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ سٹی ڈویژن نے154، کینٹ 136،سول لائنز71،صدر105، اقبال ٹاؤن116اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن نے125منشیات فروش گرفتارکئے۔منشیات فروشوں سے 9کلو 806گرام آئس،558کلوگرام سے زائد چرس،27کلو330 گرام ہیروئن اور4ہزار536لٹرشراب برآمد کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ایس ایچ اوز منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔

مزیدخبریں