وزیراعلیٰ کی ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی آمد، مریضوں نے شکایات کے انبار لگادیئے

Aug 23, 2023

لاہور+ راولپنڈی (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان اور بری حالت پر مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ محسن نقوی نے ایم ایس ہسپتال اور وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ہسپتال کو بہتر کرنے کے لئے 7 روز کی ڈیڈ لائن دی۔ ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔ مریضوں نے شکایت کی کہ ٹیسٹ بھی باہر سے کراتے ہیں اور ادویات بھی باہر سے منگوانا پڑتی ہیں۔ مریضوں اور تیمارداروں نے شکایت کی کہ ہسپتال کے گارڈز ہر کام کے پیسے لیتے ہیں۔ ہسپتال کے بعض وارڈز کے بیڈز خراب تھے اور بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے نظر آرہے تھے۔ مریضوں نے علاج میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔ استقبالیہ پر لمبی قطاریں تھیں اور بعض مریضوں کے تیمارداروں نے وینٹی لیٹرز نہ ہونے کے بارے میں بھی شکایات کیں۔ محسن نقوی کے دورے کے دوران بعض وارڈز میں اے سی بند تھے اور  حبس سے مریضوں اور تیمارداروں کا برا حال تھا۔ ہسپتال کی حالت زار پر وزیر اعلی محسن نقوی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے مسافر خانے کا  بھی وزٹ کیا اور قیام و طعام کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور مریضوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال کا دوبارہ دورہ کروں گا، انتظامات میں بہتری نظر آنی چاہئے۔ دریں اثناء  ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں مریضوں اور تیمارداروں سے پیسے لینے والے گارڈز کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی زیر تکمیل نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور فنشنگ کے کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ دن رات ایک کرکے تمام کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ نئی ایمرجنسی کے باہر پڑے پرانے بیڈز دیکھ کر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ناراضی کا اظہار کیا اور نئی ایمرجنسی میں نئے بیڈز رکھنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں ایئر کنڈیشن سسٹم کی انسٹالیشن دیکھ کر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سسٹم کو فوری طورپر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ  نے دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقو ں کا فضائی دورہ کیا۔  قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، عارفوالا اور دیگر علاقوں میں متاثرہ دیہات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ بٹگرام چیئر لفٹ آپریشن کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرتے ہیں۔ پاک فوج کے کمانڈوز اور ریسکیو ٹیم نے انتہائی کٹھن اور مشکل ترین آپریشن کو کامیابی سے مکمل کر کے قیمتی جانیں بچائیں۔ کامیاب ریسکیو آپریشن پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں۔ میں پنجاب حکومت اور عوام کی جانب سے ایس ایس جی کے بہادر اور پیشہ ورانہ کمانڈوز اور ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزیدخبریں