اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سر براہی میں اجلاس میں الیکشن کمشن رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم (Result Compilation System) پر بریفنگ دی گئی۔ اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوا۔ الیکشن کمشن کو بریف کیا گیا کہ اس سسٹم کے تحت پریذائیڈنگ افسر کی طرف سے ریٹرننگ افسر کے پاس موبائل ایپ کے ذریعے فوری رزلٹ کی ترسیل ممکن ہوگی۔ مزید ریٹرننگ افسر بھی اس سسٹم کے تحت فوری اور ووٹوں کے درست اعدادوشمار کے ساتھ غیر حتمی رزلٹ مرتب کر سکے گا۔ اس سسٹم پر باقاعدہ فرضی مشق کرائی گئی اور سسٹم کے تمام مراحل کو چیک کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے اس سسٹم پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید الیکشن کمشن نے حلقہ بندی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن نے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو ضروری مراسلے بھی روانہ کئے ہیں۔ متعلقہ اداروں سے میٹنگ بھی ہوئی ہیں اور ان کو ٹیلیفون پر بھی یاددہانی کرائی گئی ہے کہ فوری طور پر الیکشن کمشن کو ضروری نقشے و دیگر ڈیٹا مہیا کریں تاکہ الیکشن کمشن حلقہ بندی کا عمل فوری طور پر شروع کر سکے۔