گوجرانوالہ؍ لاہور ( نمائندہ خصوصی+ جنرل رپورٹر+ آئی این پی) لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کردیا۔ لاہور بورڈ کے نویں جماعت کے سالانہ امتحان میں 2 لاکھ 95 ہزار 121 امیدواروں نے حصہ لیا جس کا کامیابی کا تناسب 49 اعشاریہ 60 فیصد رہا۔ امتحانی نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں طلبا و طالبات اپنا رول نمبر 80029 پر بھیج کر بھی نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔ گوجرانوالہ بورڈ کے امتحان میں 258818 امیدواران نے شرکت کی، جن میں سے 139008نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کی شرح 53.71 رہی۔ بورڈ کے چیئرمین نوید حیدر شیرازی، پروفیسر محمد نعیم بٹ کنٹرولر امتحانات اور چوہدری شہزاد احمد سیکرٹری بورڈ نے 10:00 بجے کانفرنس روم میں پریس کانفرنس میں رزلٹ کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ (بوائز) میں 95027 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 45831 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ان کی کامیابی کی شرح 48.23 فیصد رہی۔ سائنس گروپ (گرلز) میں 99209 امیدوار شامل امتحان ہوئیں۔ 64530 کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح 65.04فیصد رہی۔ اسی طرح ہیومینٹیز گروپ (بوائز) میں 19359 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے5040امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح 26.03فیصد رہی۔ ہیومینٹیز گروپ (گرلز) میں 45084 امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 23475امیدوار کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح52.07فیصد رہی۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔ امتحانی نظام میں غیر جانبداری اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ امتحانی مراکز میں یکساں تقسیم کر کے بٹھایا گیا۔ امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کیلئے مستعد افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ دورانِ امتحان بورڈ کو جو بھی شکایت ملی اس کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ چیئرمین نے مزید بتایا کہ مارکنگ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا گیا تاکہ طلبا و طالبات کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ حکومتی پالیسی کے مطابق مستند رزلٹ تیار کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبا و طالبات کے تعلیمی معیار کی جانچ کو انتہائی منصفانہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور امتحانی نظام کی بہتری کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل رہیں گے۔ فیصل آباد 52.12، سرگودھا 51.74، ساہیوال بورڈ کا نتیجہ 45.18 فیصد رہا۔ پنڈی میں نہم (فرسٹ اینول) 2023 میں 128447 امیدواروں نے داخلہ بھجوایا جبکہ 126151 امیدوار شامل امتحان ہوئے، امتحان میں 63492 طلباء جبکہ 62658طالبات شامل امتحان ہوئیں، ریگولر امیدواروں کی تعداد 111067 اور پرائیویٹ امیدواروں کی تعداد 15084 تھی، مذکورہ امتحان میں 63686 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 62456 فیل ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 50.49 فیصد رہا۔