کراچی (کامرس رپورٹر) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ قرض کا نیا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کو ملنے والے بیرونی فنڈز میں نمایاں تیزی آگئی ہے۔ بیرونی مالی معاونت سے متعلق ماہانہ رپورٹ کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں بیرون ملک سے دو ارب 89 کروڑ ڈالر کا قرضہ اور امداد ملی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دو ارب 70 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں 2 ارب 87 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل ہوا۔ اس دوران بیرونی گرانٹ کی مد میں ایک کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی امداد ملی۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کرائے۔ سعودی عرب سے تیل کی سہولت کی مد میں 10 کروڑ ڈالر ملے جبکہ پاکستان کو مختلف عالمی اداروں سے 19 کروڑ 36 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ مختلف ممالک کی جانب سے مجموعی طور پر 11 کروڑ 38 لاکھ ڈالر سے زائد قرضہ ملا۔ آئی ایم ایف نے 1.2 ارب ڈالر، یو اے ای نے 1 ارب ڈالر فراہم کیے۔ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کے بعد پاکستان کو اب تک 5 ارب ڈالر سے زائد مل چکے ہیں، جس میں بجٹ سپورٹ کی مد میں ملنے والے 2.9 ارب ڈالر شامل ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کو 17 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد کا بیرونی قرضہ و امداد ملنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد پاکستان کو ملنے والے بیرونی فنڈز میں تیزی
Aug 23, 2023