حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت، زراعت و سکلز ڈویلپمنٹ پنجاب ایس ایم تنویر نے کہا ہے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں صوبہ بھر میں صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انڈسٹری کے شعبہ کے فروغ کے لیے تاجروں کو بلا سود قرضہ جات دینے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ صنعت کاروں ،تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب چیمبر آف کامرس کوارڈنیشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔پنجاب کی نگران حکومت نے صوبے میں صنعت کاری کے فروغ کے لیے موئثر اور جامع حکمت عملی پر کام تیزی سے جاری ہے ۔صوبے کی پہلی سکلز پالیسی 2023کے مسودے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ہر سال 5لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائیگا ۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار حافظ آباد چیمبر آف کامرس کے دفتر کے افتتاح کو موقع پر میڈیا سے بات چیت اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ ،ڈپٹی کمشنر عمر فاروق وڑائچ ،ایوان صنعت و تجارت حافظ آباد کے صدر چودھری محمدصالح رانجھا ،سینئر نائب صدر شفقت حسین تارڑ ،نائب صدر عبدالجبار رضا سمیت دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا شعبہ زراعت اور انڈسٹری کی بہتری اور اس کے فروغ کے لیے ایک میگا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ آنے والے دنوں میںہمارا صنعت کار اور کاشت کار خوشحال ہو سکے ۔
صنعتکاروں ،تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں: ایس ایم تنویر
Aug 23, 2023