لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں ایک ماہ کے دوران پرچون سطح پر ایک کلو پسی ہوئی سرخ مرچوں کی قیمت میں 200 روپے، ہلدی پائوڈر کی قیمت میں 400 روپے، دھنیا پائوڈر کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہو گیا جس سے ایک کلو پسی ہوئی سرخ مرچوں کی قیمت 600 روپے سے بڑھ کر 800 روپے، دھنیا پائوڈر کی قیمت 550 روپے سے بڑھ کر 750روپے، ہلدی پائوڈر کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 1200روپے ہو گئی۔ اسی طرح ایک کلو دال چنا کی ڈی سی قیمت 305 روپے مقرر ہے لیکن پرچون سطح پر 400روپے تک اورکالا چنا کی فی کلو ڈی سی قیمت 305 روپے مقرر ہے لیکن پرچون سطح پر 380 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر مستحقین کے لیے چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پر سبسڈی ختم کر دی۔ جس سے یوٹیلٹی سٹورز سے اشیاء کی رعایتی نرخوں پر فروخت فوری روک دی گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر 50 ارب روپے کی سبسڈی پر عمل درآمد روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ابھی سبسڈی روکنے کے زبانی احکامات دیئے گئے۔ تحریری آرڈرز جلد جاری ہوں گے۔ سبسڈی روکنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔ سبسڈی روکنے سے 2 کروڑ 60 لاکھ مستحق خاندان متاثر ہوں گے۔ یوٹیلٹی سٹورز سے ماہانہ 40 ہزار سے کم آمدن والے افراد کو سبسڈی مل رہی تھی تاہم آٹا، گھی، چاول، چینی اور دالوں پر مزید سبسڈی نہیں ملے گی۔ یوٹیلٹی سٹورز کے حکام نے کہا ہے کہ جتنی سبسڈی مل رہی تھی اس سے زیادہ ٹیکس ایف بی آر کو جمع کرا رہے تھے، اب ایف بی آر کو نہیں ملے گا اور مستحق افراد سستی اشیاء سے محروم ہو جائیں گے۔
ہلدی‘ سرخ مرچ سمیت کئی مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ
Aug 23, 2024