اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آپریشن عزم استحکام کے لیے 20ارب روپے گرانٹ کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ مزید 1لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ریکوڈک منصوبے کے سیکیورٹی چارجز کی مد میں 1ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دے دی، ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے رقم ایف سی بلوچستان کو ادا کی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے ایف سی ہیڈ کوارٹر نارتھ کے لیے 27 کروڑ 62 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو چینی برآمد کرنے پر ایڈوانس میں بینکنگ چینل سے رقوم منگوانا ہوں گی۔ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ماہانہ بنیاد پر مارکیٹ پر نظر رکھی جائے گی ،شوگر بورڈ کو ہدائت کی گئی کہ وہ دو ماہ میں جامع شوگر پالیسی تیار کرے ،گنے کے کسانوں کو واجبات ادا کرنے والی ملز ہی چینی برآمد کر سکیں گی جبکہ چینی کی 145 روپے فی کلو ریٹیل پرائس برقرار رکھنے کی شرط بھی ختم کردی گئی۔