اٹک: ڈرائیور سے دشمنی، نامعلوم افراد کی سکول وین پر فائرنگ، 2 طالبات جاں بحق

Aug 23, 2024

اٹک+ لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) نواحی گاؤں ڈھیری کوٹ میں دو نامعلوم حملہ آوروں نے سکول وین پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں جبکہ پانچ زخمی ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں نو سالہ رامین اور دس سالہ عروہ جبکہ زخمیوں میں آٹھ سالہ محب علی، سات سالہ سمیرا، آٹھ سالہ شازف، بارہ سالہ حسیب علی اور اڑتالیس سالہ وین ڈرائیور افضل شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ یہ واقعہ وین ڈرائیور اور نامعلوم ملزموں کی ذاتی دشمنی کے نتیجہ میں رونما ہوا۔ تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پولیس ٹیموں کو ملزموں کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی جرات نہ کر سکے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ملزم چاہے کہیں بھی چھپ جائیں انہیں ڈھونڈ کر سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ صدر آصف علی زرداری کی اٹک میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ کی پرزور مذمت کی۔ جاں بحق بچوں کے ایصال ثواب، زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور گورنر پنجاب نے پنجاب کے ضلع اٹک میں سکول وین پر فائرنگ کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں طالبات کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹک میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اٹک میں سکول وین پر فائرنگ سے دو طالبات کی ہلاکت اور پانچ طلبہ کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

مزیدخبریں