اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) شیر افضل مروت کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ شیر افضل کی قمیض پھٹ گئی جبکہ انہوں نے ایک اہلکار کی وردی بھی پھاڑ دی۔ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کو گرفتار کرلیا تاہم بعد میں رہاکردیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے شیر افضل مروت کو تھانہ گولڑہ منتقل کر دیا۔ ترنول سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی، تاہم شیر افضل مروت کچھ لوگوں کے ساتھ موجود تھے اور انہوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی جس کی بنیاد پر شیر افضل مروت اور انکے ساتھ پی ٹی آئی کے دیگر کارکنوں کو بھی حراست میں لے گیا۔ بعدازاں پولیس کی طرف سے شیر افضل مروت کو رہا کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کی جانب سے انتشار نہ پھیلانے کی یقین دہانی کے بعد رہا گیا۔