اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر آصف زرداری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یْنگ یے اور پاکستان میں یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیرکانسٹنٹینوس مؤاٹسوس کی الوداعی ملاقات کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بینک کے کردار بارے بتایا،صدر مملکت نے سیلاب کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاونت کو سراہا،صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگروز کے جنگلات اگائے ، صدر مملکت کی زراعت ، آبپاشی اور تعلیم کے شعبے میں بینک کی پاکستان کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی ،صدر مملکت یونان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،صدر مملکت نے یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں صد ر زرداری نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیو شن (ای او بی آئی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ بصارت سے محروم شخص کو تاحیات پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائے ، صدر مملکت نے کہا کہ معذور شخص کو ریاست کی طرف سے بے رحمی کی حالت میں نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ای او بی آئی نے ایک معذور شخص کو نظر انداز کرکے شدید بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ محمد شہزادکو والد کی پنشن کی ادائیگی یقینی بنائے۔ وفاقی محتسب کی جانب سے شکایت کی مزید تحقیقات بند ہونے کے بعد شہری نے صدر ِپاکستان سے اپیل کی تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئین کی روح کے مطابق معذور شخص کو ایسی پنشن سے محروم نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کے قانون پر نظرثانی کی جائے ، وفاقی پالیسی کے مطابق ڈھالا جائے۔