واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدرجوبائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے فون پر بات کرتے ہوئے زور دیاہے کہ وہ غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ بندی پر پہنچنے کی کوشش کریں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوانِ صدرکے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدربائیڈن نے جنگ بندی کے معاہدے کو مکمل کرنے اور یرغمالیوں کو رہا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے باقی ماندہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے قاہرہ میں ہونے والے آئندہ مذاکرات پر بات کی۔امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو ایران اور دہشت گرد گروہوں کی طرف سے آنے والے خطرات کے پیش نظر اسرائیل کے دفاع کے لیے کی جانے والی امریکی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ادھر ذرائع نے بتایاکہ بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان سخت لہجے میں بات چیت ہوئی۔انہوں نے وضاحت کی کہ نیتن یاہو نے بائیڈن کے ساتھ اپنی کال کے دوران غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان فلاڈیلفیا(صلاح الدین)محور میں اسرائیلی فوج کی موجودگی پر اصرار کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل فلاڈیلفیا میں رہنے پر اصرار کرتا ہے تو قاہرہ میں کوئی سربراہ اجلاس نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی معاہدہ ہوگا۔ذریعے نے کہا کہ امریکی موقف زیادہ سخت نہیں تھا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ غزہ میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے،جوبائیڈن
Aug 23, 2024