بھارت: طوفانی بارش سے تباہی، 10 افراد ہلاک، بنگلہ دیش: سیلاب سے 30 لاکھ افراد متاثر

نئی دہلی+ ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست تریپورہ میں بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں، مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تریپورہ میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے اور نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز سیلابی صورتحال کے باعث 8 اضلاع سے34 ہزار افراد اپنے گھر چھوڑ کر شیلٹر کیمپس میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ سیلاب سے ایک ہزار کے قریب گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث مختلف واقعات میں 12 سالہ بچی سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ انتظامیہ نے مزید بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے سفری آمدورفت میں بھی خلل آیا ہے جبکہ ٹرین کی پٹریاں سیلابی پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ٹرین کا نظام بھی بُری طرح متاثر ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے 2 افراد جاں بحق، 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں, فلڈ فورکاسٹنگ کے ادارے نے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب نے بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ گھروں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ادارے نے بنگلہ دیش میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ زمینی رابطے منقطع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔ ضلع فینی کے رہائشی محمد معصوم نے بتایا کہ میں نے گزشتہ 20 سال میں ایسی صورتحال نہیں دیکھی ہے، میرا گھر تباہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی طلبا کی جانب سے بھارت پر ڈیم کا پانی چھوڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے طلبا کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گومتی دریا پر موجود دمبر ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کی خبر بے بنیاد ہے، واضح رہے گومتی دریا شمالی مشرقی بھارتی ریاست تری پورا پر واقع ہے، جو کہ بنگلہ دیش کی سرحد کو لگتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن