عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کوئی مسلمان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا: پیر منور جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عقیدہ ختم نبوت و تحفظ ناموس رسالت کیلئے امت مسلمہ کا ہر فرد کسی بھی قربانی سے ہرگز دریغ نہیں کرے گا۔ ہر دور میں فتنہ قادیانیت اہمیت کا حامل رہا، اسلام کے دشمنوں نے امت کے اس بنیادی عقیدے پر حملہ آور ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پیر سید منور شاہ جماعتی نے کہا کہ فتنہ قادیانیت کی سرکوبی ایمانی فریضہ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ختم نبوت کے منکرین دہشت گردی کے ذریعے دنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں، ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے امت مسلمہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت مہرالملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مسجد نورِ مدینہ گوڑھا زلفو اسلام گڑھ میں عظیم الشان ’’تاجدار ختم نبوت کانفرنس‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں اسلام گڑھ و گرد و نواح کے ہزاروں عقیدت مندان، مریدین و متعلقین امیر ملت نے شرکت کی۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مزید کہا کہ ختم نبوت کا عقیدہ مسلمانوں کے ایمان کا ایک اہم حصہ ہے اور یہ مسئلہ ہر دور میں انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے، جب بھی اسلام دشمن عناصر نے اس بنیادی عقیدے پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو عاشقان مصطفیٰ نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اسکا تحفظ کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اہم و کلیدی عہدوں پر فائز قادیانیوں اور ان کے پشت پناہوں کو فوری ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت کا تعاقب ہمارے ایمان کی بنیاد ہے، ہم کسی کے جان و مال کے دشمن نہیں بلکہ اقوام عالم تک یہ پیغام دے رہے ہیں کہ دنیا اگر امن چاہتی ہے تو جان لیں کہ امن کی دعوت صرف اور صرف دین اسلام ہی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7ستمبر کو یوم ختم نبوت گولڈن جوبلی پر جوش انداز میں منایا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن