اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض معاہدے پر تقریبا 5 فیصد سے زائد شرح سود عائد ہو گا۔ وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق گزشتہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض معاہدے پر شرح سود 5.09 فیصد عائد تھا۔ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے مجموعی طور پر 6.39 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں۔ دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2008ء میں ہونے والے آئی ایم ایف کیساتھ قرض معاہدے پر شرح سود 1.58 فیصد عائد تھا۔ 2010ء میں ایمرجنسی نیچرل ڈیزاسٹر کیلئے فراہم کی گئی رقم پر 1.52 فیصد شرح سود عائد کیا گیا۔ وزارت خزانہ کی دستاویز میں لکھا گیا کہ 2013ء سے 2016ء کے درمیان ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی قرض پروگرام پر 2.40 فیصد شرح سود تھا، 2019ء سے 2023ء تک ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی قرض پروگرام پر 3.41 فیصد شرح سود تھا۔