راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو ضرر رساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھا جائے۔ دیمک مونگ پھلی کی فصل پر حملہ آور ہونے والا ایک خطرناک کیڑا ہے۔ بارانی اور تھر کے علاقہ میں یہ کیڑا ایک شدید مسئلہ ہے۔ یہ کیڑا پودوں کے زیر زمین تنوں اور جڑوں پر حملہ آور ہوتا ہے۔ حملہ شدہ پودے سوکھ جانے کے بعد آسانی سے اکھاڑے جا سکتے ہیں۔چور کیڑے کی سنڈیاں رات کے وقت پودے کے پتوں کو کھاتی ہیں اور تنوں کو کاٹتی ہیں جن کی وجہ سے پودے اس جگہ پر گرے ہوئے ملتے ہیں۔ بالدار سنڈیاں پہلی دو حالتوں کے دوران اکٹھی ایک جگہ پر پتوں کو کھاتی ہیں۔ اس کے بعد پتوں، تنوں اور شاخوں کے نرم حصے کو کھاتی ہیں۔ شدید حملے کی صورت میں پودے ٹنڈ منڈ نظر آتے ہیں۔مونگ پھلی کی فصل سے نقصان رساں کیڑوں کے تدارک کیلئے بیج کو مناسب کرم کش دوائی لگا کر کاشت کریں، کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں، پروانوں کو روشنی کے پھندے لگا کر تلف کریں۔نقصان رساں کیڑوں کے کیمیائی تدارک کیلئے زہروں کا سپرے محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی فیلڈعملہ کے مشورہ سے کریں۔