راولپنڈی(جنرل رپورٹر)قائد ملتِ جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے قائم کردہ عشرہ اسیران کربلا کے اختتامی روزجمعہ کو حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام کا یومِ شہادت مذہبی جذبے عقیدت واحترام سے منایاجائے گا۔ اس موقع پر مذہبی و ماتمی تنظیموں اور دینی اداروں کے زیراہتمام مجالسِ عزامیں علمائے کرام،ذاکرین و واعظین اور خطبا حضرات امام ہشتم کی تعلیمات اور طرزِ حیات پرروشنی ڈالیں گے جبکہ تابوت کے جلوس بھی برآمدکیے جائیں گے۔درایں اثنا عشرہ اسیرن کربلا کی مجالس و ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈھوک سیداں راولپنڈی کینٹ میں چہلم سید الشہدا حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس سید زوار حسین کاظمی(مرحوم)سید مظلوم حسین شاہ کاظمی،سید لیاقت حسین شاہ،سید سبطین حسین شاہ کی رہائش گاہوں سے برآمد ہوئے۔سید عرفان احمد کاظمی سالار مرکزی ماتمی سنگت درباسیدسخی شاہ چن چراغ کے زیراہتمام سادات اسٹریٹ سے بھی جلوس ذوالجناح و علم برآمد ہوکرمرکزی جلوس میں شامل ہوگیا۔