پاک بحریہ کے جہاز حنین نے جدہ میں سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ مشقوں میں حصہ لیا ہے۔ پاکستان وار شپ حالیہ دنوں اسی مقصد کے لیے جدہ پہنچا تھا۔ جہاں اس نے رائل سعودی نیول فورسز کے الریاض فری گیٹ کےساتھ مل کر مشقوں میں حصہ لیا۔
پاک بحریہ کے میڈیا ونگ کے مطابق وار شپ حنین جب اس مقصد کے لیے جدہ کی بندرگاہ پر پہنچا تو سعودی بحریہ آر این ایس ایف کے حکام اور پاکستان کے سفارت خانے کی طرف سے اس کا بندر گاہ پر خیر مقدم کیا گیا۔جدہ میں اپنے قیام کے دوران حنین کے کمانڈنگ آفیسر نے رائل سعودی نیول فورسز کے ویسٹرن فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل منصور بن سعود الجید اور شاہ فیصل نیول بیس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل صالح بن عبداللہ الامیری کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں ملکوں کی بحریہ کے حکام کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے امور اور تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ میڈیا ونگ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کہ حنین کے اس دورے کا مقصد ان مشقوں میں حصہ لے کر دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان باہمی تعاون کے امکانات کو بڑھانا تھا۔ دو طرفہ دفاعی معاہدات اور تعلقات کو بڑھانا اور ددونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا فروغ ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ہر شعبے میں محیط ہیں۔ ان میں دو طرفہ دفاعی معاہدات اور تعاون بھی شامل ہے۔ دونوں کی مسلح افواج بری، فضائی اور بحری فوجی مشقوں میں شریک ہوتی رہتی ہیں۔واضح رہے سعودی عرب میں بیس لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔ جو ایک طرف سعودی تعمیر و ترقی کے لیے سالہا سال سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کے لیے بھاری ترسیلات کا ذریعہ ہیں۔