مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ن لیگ کو اپنی بقاء انتشاری سیاست میں نظر آتی ہے۔ اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما پرانی روش پر چل کر جلسے کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں، ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش ہے، مینڈیٹ چوروں کے غیرذمہ دارانہ بیانات پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ سمیت تمام لیگی رہنما 8 ستمبر کا انتظار کریں لگ پتہ چل جائے گا، کل کا جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا تھا، خیبر پختونخوا سے علی امین گنڈاپور کی قیادت میں جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کے حکم کے آگے سرتسلیم خم کیا، کسی بھی انتشار سے بچنے کے لئے جلسہ ملتوی کیا گیا تھا، مسلم لیگ ن کو اپنی بقاء انتشاری سیاست میں نظر آتی ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ 8 ستمبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہوگا، علی امین گنڈاپور کی قیادت میں بڑا قافلہ جلسے میں شرکت کرے گا۔