لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے پنجاب کی صنعتوں کو ہفتے میں 72 کی بجائے 36 گھنٹے گیس کی فراہمی کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور میں ٹیکسٹائل مل مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے اعتراف کیا کہ پنجاب کو دیگر صوبوں کی نسبت کم گیس مل رہی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں گیس کی زیادہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ بدانتظامی نہیں بلکہ سیاسی معاملات ہیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پنجاب کی صنعتوں کو ہفتے میں تین روز گیس فراہم کرنے کی بجائے ہر روز چھ گھنٹے گیس ملے گی۔ اس کی وجہ جنوری میں توانائی کے بحران میں ممکنہ شدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے ایران نے 50 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیوں میں سی این جی کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی تجویز زیرغور ہے جس کے لئے ایک کمیٹی بنا دی ہے جو اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔