لاہور (کامرس رپورٹر) 32 ویں قومی کھیلوں کا افتتاح رنگارنگ تقریب میں ریلوے سٹیڈیم لاہور میں ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے تین ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ کیا۔ سوئمر روحیل وقار نے گیمز کی شمع روشن کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پاکستان میں ممبر سید شاہد علی تھے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن، خالد محمود، ادریس حیدر خواجہ، شوکت جاوید، خالد بشیر، خاور شاہ، عابد قادری، چودھری یعقوب، کامران امین، وقار علی، خرم ہارون، بشیر بٹ، محمد بابر، نعیم اختر، سلمان بٹ اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی کئی دیگر شخصیات موجود تھیں۔ مہمان خصوصی سید شاہد علی نے گیمز کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا جس کے بعد ہینڈبال کے کھلاڑی مزمل محمود نے تمام دستوں سے کھیلوں کا حلف لیا۔گیمز میں پنجاب، کے پی کے، سندھ، بلوچستان، فاٹا، اسلام آباد، واپڈا، پولیس، اور ریلویزکے کھلاڑی 27 مردوں کے اور 14 خواتین کے ایونٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریلوے سٹیڈیم میںہونیوالی افتتاحی تقریب کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جو گاہے بگاہے تالیاں بجا کراور نعرے لگا کر مارچ پاسٹ کرنے والے کھلاڑیوں کو داد دیتی رہی۔ ٹارچ ریلے کوروشن کرنے میں فرحت بتول ایتھلیٹ ایچ ای سی، عبدالرحمن کراٹے پولیس، عارف محمود فٹ بال واپڈا، عطیہ سلطانہ ایتھلیٹ ایچ ای سی، ماریہ غفور ایتھلیٹ پنجاب، سامع امداد تائیکوانڈو واپڈا، واہب محمود فٹ بال پنجاب، روحیل وقار سوئمنگ پنجاب شامل تھے۔ عارف حسن نے کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔اس کے بعد رنگارنگ تقریب ہوئی جس میں مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔طلبہ و طالبات نے ایروبکس کا مظاہرہ کیا گیا۔ طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔