لاہور( خصوصی رپورٹر) باوثوق ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے تحصیل وزیرآباد سے مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر مسلم لیگ ہمخیال کے صدر حامد ناصر چٹھہ کو 24ہزار کی لیڈ سے شکست دیکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ سے طویل ملاقات کی اور انہیں سینیٹر بننے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔واضح رہے کہ اس صورت میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت ہمخیالوںکے ساتھ کئے جانیوالے معاہدے کے مطابق حامد ناصر چٹھہ کو وزیرآباد سے قومی اسمبلی میں اکاموڈیٹ کرسکے گی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ نے قیادت کو باور کرایا کہ غلط فیصلے کی صورت میں تحصیل وزیرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر خود کو بے یارومددگار محسوس کرینگے۔انہوں نے قیادت سے کہا کہ اگر وہ جیتی ہوئی نشست ہمخیالوں کی جھولی میں ڈالنا چاہتی ہے تووہ اس فیصلے کو بھی قبول کریںگے۔ اگر 2008 میں انہوں نے اپنے حق میں فیصلہ قبول کیا تھا تو خلاف آنے والے فیصلے کے راستے میں بھی مزاحم نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی بھی منصب یا عہدے کی خواہش نہیں ہمارے گھرانے نے اب تک ہر حیثیت میں اصول پسندی کا مظاہرہ کیا ہے اور انشاءاللہ اس رواےت کو ہمیشہ برقرار رکھاجائیگا۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے سینیٹ کی نشست کیلئے جسٹس(ر) افتخار احمد چیمہ کے کاغذات بھی جمع کرادئیے۔ان کے علاوہ چودھری جعفر اقبال اور چودھری محمد ریاض کے کاغذات بھی جمع کرائے گئے۔سینٹ کی نشست صلاح الدین ڈوگر کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔