لندن (اے پی پی) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ شام صدر مملکت آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماﺅں نے ملک کی موجودہ صورتحال، کراچی میں امن وامان، توانائی کی قلت اور اقتصادی صورتحال پر بات چیت کی۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ الطاف حسین نے مفاہمت کی پالیسی اختیار کرنے پر صدر مملکت کو مبارکباد دی جس کے نتیجے میں مخلوط جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت کی تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جمہوریت نظریات پارلیمنٹ کی بالادستی اور عوام کی بہتر بہبود کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کی تعاون جاری رکھے گی۔ صدر نے حکومت کی حمایت پر ایم کیو ایم کے سربراہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت اہم قومی ایشوز پر ایم کیو ایم کی مسلسل حمایت کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی پالییسی کی کامیابی سیاسی قوتوں بالخصوص حکومت میں شامل جماعتوں کی حمایت اور ہم آہنگی کی بدولت ممکن ہوئی۔