بشیراحمد بلور کی نمازہ جنازہ کرنل شیرخان سٹیڈیم میں ادا کی گئی، نمازہ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی، گورنر مسعود کوثر، افرا سیاب خٹک، آفتاب احمد شیر پائو، چوہدری شجاعت حسین، اکرم درانی، حاجی عدیل، مشاہد حسین، پیرصابرشاہ اور اسفندیار ولی سمیت سیاسی رہنمائوں، وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور لوگوں کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔ ایرانی قونصل جنرل نے بھی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔ بشیربلورکی جسدخاکی کو ایمبولینس کےذریعےگراؤنڈ میں لایا گیا تھا اور قومی پرچم سےتابوت کو لپیٹ رکھا تھا جبکہ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں بھی نچاور کی گئی۔ پولیس کےچاک و چوبند دستےنےبشیربلور کےجسد خاکی کو سلامی بھی پیش کی۔ نمازہ جنازہ کی ادائیگی کےبعد بشیراحمدبلور کوایمبولیس کےذریعےسیدحسن پیرشاہ بیری باغ قبرستان میں لےجایاگیاجہاں انھیں سپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیےگئےتھے۔ واضح رہےکہ بشیربلور گزشتہ روز خود کش حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ اس سےقبل بشیربلورکے سیکرٹری نورمحمد کی نمازجنازہ ہائی سکول کاکشال میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں سیاسی شخصیات سمیت درجنوں افراد نے شرکت کی۔ ادھرپشاورمیں خودکش حملے کی ایف آئی آر تھانہ خان رازق شہید پولیس اسٹیشن میں درج کرلی گئی ہے۔ سانحہ کے بعد انجمن تاجران پشاورنے تین روزہ سوگ کا اعلان کررکھا ہے۔ افسوسناک سانحے پر پشاور کی فضاء سوگوارہے۔ شہرمیں تجارتی مراکز اور بازار پڑے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔