مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ”ناراض خان‘ ابھی 5 سال صبر کریں، قوم نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے، ”ناراض خان“ کھیل کے میدان میں کھلاڑی ہیں اور سیاست میں اناڑی ہیں، ان کے دھرنے اور احتجاجی سیاست سے دنیا میں وطن عزیز کا وقار خراب ہورہا ہے۔ نیٹو سپلائی پر دھرنا دینا وطن کی خدمت نہیں بلکہ وطن کا نقصان ہے۔ طالبان سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک نہیں بلکہ رابطے موجود ہیں، ترجیح مذاکرات ہیں۔ آپریشن آخری حل ہے۔ بھارت جتنے مرضی ڈیم بنالے پانی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے بلکہ جنگ سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مریدکے میں کھلی کچہری، کرسمس تقریب اور صاحبزادہ حاجی محمد امجد اجمل کی قیادت میں جمعیت اہلحدیث کے وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا جو مساجد اور گرجوں کا احترام بھی نہیں کرتے۔ وہ وقت گزر گیا جب وطن عزیز کو امریکہ طفیلی ریاست سمجھتا تھا اب وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ ”ناراض خان“ پہلے خیبر پی کے عوام کو سکون دیں پھر پنجاب حکومت کے خلاف بات کریں۔ خادم اعلیٰ پنجاب کی گڈ گورننس کو پوری دنیا مانتی ہے۔ انرجی بحران پر قابو پانا چیلنج سمجھتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت عالمی معاہدوں کی ہر صورت پاسداری کرے گی۔ نیٹو سپلائی کی بندش پر امریکی دھمکیوں سے حکومت آگاہ ہے۔ طالبان کے ساتھ ڈائیلاگ ہماری پالیسی ہے، حکومتی رٹ جو بھی تسلیم کرے گا اس کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔
رانا تنویر
”ناراض خان“ کی احتجاجی سیاست سے ملک کا وقار خراب ہورہا ہے: رانا تنویر
”ناراض خان“ کی احتجاجی سیاست سے ملک کا وقار خراب ہورہا ہے: رانا تنویر
Dec 23, 2013