لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنک آف پنجاب لاہور اوپن پولو ٹورنامنٹ پولو ڈی صوفی کی ٹیم نے جیت لیا۔ پولو ڈی صوفی کی ٹیم نے ریجاس ریمونٹ کے خلاف 3 کے مقابلے 9 گول سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ چار چکر پر مشتمل میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے ہشام علی حیدر نے پانچ اور تیسرے چکر میں ان کے متبادل آنے والے کھلاڑی حمزہ معاذ خان نے تین گول سکور کیے۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم نے میجک ریور کے خلاف 6 کے مقابلے 7 گول سے کامیابی حاصل کی۔ مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پنجاب بنک کے ہیڈ نعیم الدین خان نے کہا کہ پنجاب بنک کھیلوں کے مقابلوں کو سپانسر کرنے کا سلسلہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔