لاہور+ قصور (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ نواں کو ٹ کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر 20 سا لہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ قصور میں بھی نقاب پوش ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور اسکی بہن کو زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نواں کوٹ کے علاقہ جھگیاں ناگراں، فرنیچر والی گلی کا رہائشی20 سا لہ محمد سرور مقامی فیکٹری میں سے کام کرنے کے بعد رات کو گھر آ رہا تھا کہ گھر کے قریب ڈاکوؤں نے اسے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کرلوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی سرورکو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ڈاکوؤں نے برکی کے علاقہ میں سعید کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 12 لاکھ روپے، ساندہ میں ادریس کے گھر سے 10 لاکھ روپے، ماڈل ٹائون میں عبدالرزاق کے گھر سے9 لاکھ، فیکٹری ایریا میں مبین کے گھر سے 8 لاکھ، ڈیفنس میں آغا سلمان کے گھر سے 7 لاکھ، غازی آباد میں فاروق کے گھر سے 6 لاکھ، نواب ٹائون میں عامر امین کے گھر سے 6 لاکھ، قلعہ گجر سنگھ میں آفاق امجد کے گھر سے 5 لاکھ، شاہدرہ میں انجم کے گھر سے 5 لاکھ، ٹبی سٹی میں عنصر کے گھر سے 5لاکھ، راوی روڈ میں مظفر کے گھر سے 3 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے انارکلی میں کاشف کی فیملی 5 لاکھ، مستی گیٹ میں شہباز کی فیملی سے 3 لاکھ، شاہدرہ ٹائون میں عاصم کی فیملی سے 2 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے جوہر ٹائون میں ریاض سے 40 ہزار روپے اور موبائل فون، فیصل ٹائون میں نوید سے 25 ہزار روپے اور موبائل فون، وحدت کالونی میں اسلم سے 20 ہزار روپے، موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے باغبانپورہ سے دائود، گرین ٹائون سے کلیم، نصیر آباد سے عتیق کی کاریں جبکہ جنوبی چھائونی سے حفیظ، ملت پارک سے امتیاز، ساندہ سے ندیم، نواں کوٹ سے شمس کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں کنگن پور کے نواح کوٹھا کلاں میں صابر علی کے گھر داخل ہونیوالے 6 نقاب پوش ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر خواتین سے زیورات، نقدی، موبائل فون وغیرہ چھین کر فرار ہونے لگے تو شور کی آوا زسن کر آنے والے صابر علی کے بھائی شاکر علی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اورفائرنگ کی زد میں آکر اس کی ہمشیرہ زبیدہ بی بی بھی شدید زخمی ہو گئی۔