عوام کی عدم شرکت سے عمران خان کا مہنگائی ڈرامہ بھی فلاپ ہوگیا: رانا ثناء اللہ

Dec 23, 2013

لاہور (خبرنگار) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مہنگائی ڈرامہ بھی فلاپ ہو گیا ہے۔ عوام نے شرکت نہ کر کے عمران خان کے ایک اور ڈرامے کو مسترد کر دیا ہے۔ ناکامی پر مایوسی عمران خان اور دیگر رہنمائوں کے چہروں سے عیاں تھی۔ عمران خان کی ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا عوام نے شرکت نہ کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ سونامی کے جھانسے میں آنے کیلئے اب تیار نہیں، تبدیلی کے نعرے صرف نعرے ہی ثابت ہوئے۔ عمران خان کے اقدامات کی وجہ سے تحریک انصاف کے پرانے کارکن اور رہنما ایک ایک کر کے انہیں چھوڑتے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے میں نظر آنے والے چہرے آج کہیں نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اقدامات کی بنا پر صوبے بھر میں اشیائے خوردونوش کے نرخ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ عمران خان خیبر پی کے میں عوام کیلئے بھی ایسے اقدامات کریں یا پھر ڈرامے چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کے مہنگائی ڈرامے کو مسترد کرکے نوازشریف کی قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو یاد رکھنا چاہئے کہ شوکت خانم ہسپتال کی زمین نوازشریف نے بحیثیت وزیراعلیٰ اور نمل یونیورسٹی کی زمین شہبازشریف نے انہیں دی ہے، عمران خان اس پر کیا تبصرہ کریں گے؟ عوام پوچھتے ہیں کہ خیبر پی کے میں پولیو ورکرز کو قتل کرنے والے کب گرفتار ہونگے اور اس صوبے میں اب تک عوام کو کیا ریلیف دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کمیشن بنا کر تحقیقات کرا لی جائے تحریک انصاف کا ایک بھی قافلہ روکنا ثابت ہو جائے تو میں  مستعفی ہوجائونگا۔ تحریک انصاف کی ریلی کے موقع پر لاہور کے تین پارکوں میں میوزیکل پروگرام کروانے کا مقصد ان کی ریلی کو ناکام بنانا نہیں۔

مزیدخبریں