اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات پرویز رشید مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، عمران خان احتجاج کے بعد ملک سے باہر کہیں نہیں جا رہے، وزیراعظم نوازشریف ہر دوسرے روز غیرملکی دورے پر نکل جاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ بجٹ کیسے تیار ہو گا، قومی اسمبلی میں وزیراعظم آتے ہیں نہ وفاقی وزرائ۔ اسفند یار ولی تحریک انصاف پر تنقید سے قبل اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ عمران خان ملک سے باہر نہیں جا رہے‘ نوازشریف ہی ہیں جو جب سے وزیراعظم بنے ہیں دنیا کی سیر کر رہے ہیں ‘ حکومت لاہور میں تحریک انصاف کی کامیاب ریلی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ‘ تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں کرپشن پر وزراء کو فارغ کیا مگر وفاق اور پنجاب میں کرپشن کرنے والوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ عمران خان عوام کے شانہ بشانہ موجود رہیںگے وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آواز بلند کرتے رہیںگے ، اصل میں لاہور میں تحریک انصاف کی کامیاب ریلی کے بعد مسلم لیگ (ن) بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔
وزیر اطلاعات مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، احتجاج کے بعد عمران ملک سے باہر نہیں جا رہے: شیریں مزاری
Dec 23, 2013