لندن/اسلام آباد(اے پی اے)2013 میں کئی عہد ساز شخصیات دنیا سے چلی گئیں، پاکستانی طالبان کے تین اہم رہنما، ملا نذیر، ولی الرحمان اور حکیم اللہ محسود مختلف امریکی ڈرون حملوں میں مارے گئے۔ پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے کیس خصوصی استغاثہ چوہدری ذولفقار علی کو اسلام آباد میں قتل کر دیا گیا۔ بالی وڈ کی پاکستانی نژاد اداکارہ جیا خان ممبئی میں اپنے گھر میں میں مردہ پائی گئیں۔ پولیس کی تفتیش نے اسے ایک خود کشی قرار دیا۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نیلسن منڈیلا 5 دسمبر کو 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وینزویلا کے سابق نائب صدر نکولس مدورو نے سابق صدر اوگو چاویس کے انتقال کے بعد ملک کے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ اوگو چاویس 5 مارچ کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ دنیا میں سب سے زیادہ کتابیں بیچنے والے مصنفوں میں سے امریکہ کے ٹام کلینسی 66 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے ابتدائی خلابازوں کے دستے مرکری-7 کے رکن سکاٹ کارپنٹر بھی انتقال کر گئے۔مشہور بینڈ دی ڈورز کے کی بورڈ پلیئر اور شریک بانی رے مانزریک 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔