لاہور (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک چودھری محمد ارشد جٹ نے کہاہے کہ غیرمعیاری و مضرصحت پانی ملاگوشت اوردودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاﺅن شروع کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس مہم کو خودمانیٹر کررہاہوں، ناقص گوشت اور ناقص دودھ سے مختلف بیماریاں پیدا ہورہی ہیں، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے جلد کٹہرے میںہوں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی ملاگوشت اور پانی ملا دودھ فروخت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں،یہ مافیا اپنی جیبیں بھرنے کے لیے انسانی صحت سے کھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں اب لائیو سٹاک افسران کا فرض کہ وہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عمل کریں-انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک افسران کوبلا امتیاز اس مافیاکے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے-بدعنوان افسران کی اس محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ جہاں ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفسر غفلت کرتاپایا گیا وہ نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے عوام کو خالص دودھ اور معیاری گوشت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس ذمہ داری کا احساس ہے۔