ڈبلیو ٹی او میں سفیر کی دوڑ، فواد حسن دستبردار، ڈاکٹر توقیر شاہ کی تقرری کا امکان

اسلام آباد (نوخیز ساہی/ نیشن رپورٹ) ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں پاکستانی سفیر کے انتخاب کیلئے شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں سے 2شریف برادران سے منظور نظر تھے۔ ذرائع کے مطابق ڈبلیو ٹی او میں اس اہم عہدے کیلئے 6امیدواروں میں سے دوڑ تھی مگر اس میں دو کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا، ان میں سے ایک فواد حسن فواد آخری وقت دستبردار ہو گئے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کے 20گریڈ کے افسر ڈاکٹر توقیر شاہ اس عہدے کے حصول میں کامیاب قرار پائے۔ باوثوق ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا اس پوسٹ کیلئے وزیراعظم کے منظور نظر اور سب سے پسندیدہ فواد حسن فواد تھے تاہم انہوں نے ڈاکٹر توقیر شاہ کیلئے راستہ چھوڑ دیا۔ یہ پوسٹ اگست میں اسد بشیر کی مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حکومتیں اس عہدے پر 21ویں اور 22ویں گریڈ کے افسر کا چنائو کرتی ہیں اس بار پہلی مرتبہ 20ویں گریڈ کا افسر عالمی تجارتی تنظیم میں پاکستان کی نمائندگی کریگا۔ یاد رہے اس پوسٹ کیلئے شارٹ لسٹ کئے گئے ایک اور امیدوار راجہ طاہر محمود بھی پہلے ہی دستبردار ہو گئے۔ باقی 4امیدوار کو پیر کی صبح 4بجے انٹرویو کیلئے بلایا گیا۔ مگر طاقتور امیدوار کے مصروف شیڈول کے باعث وقت دوپہر 2بجے کر دیا گیا۔ ڈاکٹر توقیر شاہ، عمر حمید، نیاز محمد خان اور ڈاکٹر اسد مجید نے انٹرویو دیا۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف کے قریبی سمجھے جانیوالے امیدوار کی موجودگی میں کئی انتہائی سینئر بیورو کریٹس نے پوسٹ کے لئے اپلائی ہی نہیں کیا۔

ای پیپر دی نیشن