لاہور نمائندہ سپورٹس) رواں ماہ ہونے والے پٹینگولر کپ میں چند اہم قومی کرکٹرز کی عدم شرکت کے معاملے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ چند کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور اپنی فٹنس کی بحالی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ان فٹ کھلاڑی اگر ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں بن رہے تو یہ ان کی قومی ٹیم کے لئے دستیابی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ چند کھلاڑی ایسے ہیں جو گذشتہ 90, 80 دن سے اپنے اہلخانہ سے دور ہیں اور مسلسل بین الاقوامی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے اپنی فیملی کو وقت دینا بھی ضروری ہے۔ پھر قومی ٹیم نے عالمی کپ میں بھی شرکت کرنی ہے۔ سو کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رکھنے کے لئے انہیں پٹینگولر کپ شرکت کے بجائے آرام دینے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی کپ سے قبل کھلاڑیوں کا مکمل فٹ ہونا انتہائی اہم ہے۔