فوجی آپریشن ناکام بنانے کے لئے کرپشن اور دہشت گردی نے گٹھ جوڑ کر لیا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور رینجرز کو کہنا چاہتا ہوں آپ ابھی تک صرف سندھ کے اختیارات پر اڑے ہوئے ہیں 14 نعشیں اور 100 زخمی لاہور میں بھی آپ کا انتظارکررہے ہیں، پنجاب کے قاتل حکمرانوں کے خلاف ایکشن کب ہوگا؟ پاکستان پہلے کی طرح مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، کرپشن اور دہشت گردی ملک کو کھائے جارہی ہے، میرے جسم میں جب تک خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے سانحہ ماڈ ل ٹائون کے قاتلوں سے بدلہ لوں گا، ہر رپورٹ شائع ہو گئی مگر سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں ہوئی، حکمرانوں کی کرپشن کا پیسہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہورہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز استنبول سے لاہور پہنچنے پر ائرپورٹ لائونج کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایئرپورٹ پر مرکزی رہنمائوں ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نوازگنڈاپور سمیت سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور بھنگڑے ڈالے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سندھ اور وفاق کے حکمران پرانے اتحادی ہیں۔ کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ملک کو بربادکررہا ہے۔ دہشت گردی کے پیچھے کرپشن کا پیسہ ہے، دونوں پرانے اتحادیوں کا باہمی گٹھ جوڑ افواج پاکستان کے آپریشن کو ناکام بنانے کیلئے ہے۔ پنجاب میں بھی آپریشن ہونا چاہئے، سانحہ ماڈل ٹائون کا کیس فوجی عدالت میں چلنا چاہئے، ہمارے 42 کارکنوں کے خلاف سانحہ ماڈل ٹائون کی دوہری فردجرم خلاف قانون ہے،قاتل حکمران جتنے بھی چالاک سہی مگر یہ پھانسی کے پھندوں سے نہیں بچ سکیں گے۔ دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ بے انصافی کے نظام کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ ہمارا ملک دہشت گردی کا گڑھ بن چکا، ملک میں اس وقت دہشت گردی کی حکومت ہے۔ شیخ رشید کے استفسار پر طاہر القادری نے کہا کہ اگر آپ کہیں تو میں ملک میں پانچ سال کیلئے رک جائونگا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...