لاہور (کلچرل رپورٹر) باری سٹوڈیو کے بانی اور فلمساز باری ملک طویل علالت کے بعد 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، چند روز قبل ان کی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں حالت نازک ہونے پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا مگر وہ منگل کی دوپہر کو چل بسے۔ انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم نے سوگواروں میں تین بیٹے راحیل، خرم، زرق اور ایک بیٹی چھوڑی۔ باری ملک نے اپنے ادارے ملک ٹاکیز کے تحت پہلی فلم ’’ماہی منڈا‘‘ بنائی جس کی ہدایات ایم جے رانا اور موسیقی جی اے چشتی نے دی۔ شیخ اقبال کی تحریر کردہ اس کہانی کے مکالمے بابا عالم سیاہ پوش نے لکھے۔ مسرت نذیر اور سدھیر نے مرکزی کردار کئے۔ مارچ 1956ء میں نمائش ہونیوالی یہ فلم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ باری ملک نے اس صورتحال اور غیر متوقع کامیابی کے پیش نظر ایک دوسری فلم ’’یکے والی‘‘ فلمانے کا اعلان کردیا۔ ’’ماہی منڈا‘‘ کے ہی رائٹر، موسیقار، فنکاروں اور ڈائریکٹر ایم جے رانا نے ہی ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرتے ہوئے نمائش کے لئے پیش کیا گیا تو اس نے ’’ماہی منڈا‘‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا اس فلم کی آمدن سے باری ملک نے ملتان روڈ پر قطعہ اراضی خرید کر باری سٹوڈیو بنایا ہدایتکار حسن طارق کی فلم ’’دوسری شادی‘‘۔ ہدایتکار ایم جے رانا کی ’’سہتی‘‘ اور خلیل قیصر کی اولین فلم ’’ یاربیلی ‘‘ کے فلمساز بھی باری ملک تھے۔ باری ملک کے انتقال کے باعث باری سٹوڈیو اور باری تھیٹر کی تمام سرگرمیاں تین روز کے لئے منسوخ کردی گئیں۔